پاکستان میں ربیع الاول 1448 ہجری کے آغاز اور عید میلاد النبی ﷺ کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، جس کے باعث یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔ اس حساب سے 12 ربیع الاول بدھ 26 اگست کو آنے کی توقع ہے۔
تاہم ربیع الاول کے چاند کی حتمی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔ اگر محکمہ موسمیات کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی تو عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 26 اگست کو ملک بھر میں عام تعطیل متوقع ہے۔
اگست کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 12 تعطیلات ہونے کا امکان ہے، جن میں دو سرکاری اور 10 ہفتہ وار تعطیلات شامل ہیں۔ یومِ آزادی 14 اگست کو جمعہ کے روز ہوگا، جس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات کے باعث شہریوں کو مسلسل تین روز چھٹی مل سکتی ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے بھی عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اماراتی حکومت کے میڈیا آفس کے مطابق جمعہ 28 اگست 2026 کو سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے تعطیل ہوگی۔
متحدہ عرب امارات میں ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات کرنے والے ملازمین کو 28 اگست کی سرکاری چھٹی کے باعث مسلسل تین روز کی تعطیلات ملیں گی، جو 28 سے 30 اگست تک جاری رہیں گی۔






