اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اپنی حمایت واپس لے تو مسلم لیگ (ن) کی حکومت برقرار نہیں رہے گی، ن لیگ کو بتانا ہوگا کہ پیپلزپارٹی کے تحفظات کیسے دور کیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ’’دوٹوک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نیئر بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان بنیادی مسئلہ آزاد کشمیر کے انتخابات تھا۔ میرپور ڈویژن میں انتخابات کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان رابطہ ہوا اور 3 سے 4 ملاقاتیں بھی ہوئیں، جن میں بعض معاملات پر اتفاق ہوگیا تھا، تاہم آخری وقت میں ن لیگ اپنے موقف سے پیچھے ہٹ گئی۔
نیئر بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا ہے کہ یہ لاہور اور اسلام آباد کی لڑائی ہے۔ ان کے مطابق اگر پیپلزپارٹی اپنی حمایت ختم کرتی ہے تو ن لیگ کی حکومت نہیں رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کو معلوم نہیں کہ انہیں کس بات پر اتنا اعتماد ہے، ن لیگ کے فیصلے رانا ثنا اللہ نہیں بلکہ نواز شریف اور شہباز شریف نے کرنے ہیں۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ اگر آزاد کشمیر میں انتخابات چوری کیے گئے تو پیپلزپارٹی کسی کے ساتھ بندھی ہوئی نہیں ہے۔ ان کے مطابق پیپلزپارٹی بھاری دل کے ساتھ حکومت کا ساتھ دے رہی ہے، تاہم دھاندلی کے ذریعے بننے والی حکومت مضبوط نہیں ہوگی۔
نیئر بخاری نے ن لیگ کے وزراء سے سوال کیا کہ کیا وہ ایسی گفتگو کرکے حکومت ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے واضح اقدامات کرنا ہوں گے۔






