جنوبی وزیرستان: اپر اور لوئر جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کل بروز پیر کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا گیا، جس کے دوران متعدد شاہراہیں صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔
حکام کے مطابق گل کچھ سے توئی خلہ اور تنائی تک سڑک آمدورفت کے لیے بند رہے گی، جبکہ ٹانک میں کوڑ قلعہ سے خرگئی اور جنڈولہ تک آمدورفت بھی معطل ہوگی۔ ٹانک سے جنوبی وزیرستان جانے والی شاہراہ بھی بند رہے گی اور جنڈولہ بازار مکمل طور پر بند ہوگا۔
حکام کے مطابق ڈبرہ سے کوڑ قلعہ، گرداوی اور گومل زام ڈیم تک راستہ بھی بند رہے گا۔ اپر جنوبی وزیرستان میں لدھا، مکین، تبئی سر اور بی بی رغزئی تک جانے والے راستے بند ہوں گے۔
اسی طرح کوٹکئی سے سپنکئی رغزئی، نذر خیل اور درگئی پل تک آمدورفت معطل رہے گی، جبکہ مدی جان سے شین ورسک، مولا خان سرائے اور چگملائی تا جنڈولہ سڑک بھی بند ہوگی۔
سرویکئی سے مولا خان سرائے اور بروند تک راستہ بھی کرفیو کے دوران بند رہے گا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ صرف ہنگامی صورتحال میں پولیس یا سکیورٹی فورسز کی اجازت سے متاثرہ راستوں پر آمدورفت کی جاسکے گی۔ کرفیو کے دوران صرف منظور شدہ ایمرجنسی نقل و حرکت کی اجازت ہوگی۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکیورٹی فورسز کو دیکھتے ہی اپنی گاڑی 50 میٹر پہلے روک دیں اور سکیورٹی اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں۔






