نیلم جہلم منصوبہ مزید کتنے سال بجلی کی پیداوار بند رہے گی؟ بڑی خبر سامنے آگئی

اسلام آباد: سستی پن بجلی پیدا کرنے والا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ طویل بندش کے باعث مزید مہنگا پڑنے لگا، منصوبے سے مزید دو سال تک بجلی کی پیداوار نہ ہونے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ آبی وسائل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی مرمت میں مزید دو سال لگ سکتے ہیں اور منصوبے سے دوبارہ بجلی کی پیداوار 2028 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق 969 میگاواٹ صلاحیت کا یہ منصوبہ خرابی کے باعث 2024 سے بند ہے۔ منصوبہ 508 ارب روپے کی لاگت سے 18 سال میں مکمل کیا گیا تھا، تاہم تکمیل کے چند سال بعد ہی بجلی کی پیداوار بند ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ منصوبے کی مرمت کے لیے ایک غیرملکی کمپنی کو 35 ارب روپے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ 68 کلومیٹر طویل ہیڈ ریس ٹنل میں صرف 20 میٹر کے حصے پر ملبہ گرا تھا، جسے ہٹا کر ٹنل کو صاف اور خشک کردیا گیا ہے۔

ہیڈ ریس ٹنل کی بندش کے باعث پانی ٹربائنز تک پہنچنا بند ہوگیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ٹنل بیٹھنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں، جبکہ منصوبے کی بحالی کا کام جاری ہے۔