طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، سڑکیں اور گھر متاثر

اپر چترال: خیبر پختونخوا کے ضلع اپر چترال میں طوفانی اور مسلسل بارشوں کے باعث سڑکیں، پل، مکانات اور زرعی اراضی متاثر ہوگئی، جبکہ پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی امدادی و ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں سڑکوں، پلوں اور مکانات کو نقصان پہنچا، جبکہ فلیش فلڈ کے باعث معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہوئے۔

گھور کے مختلف علاقوں جگھور گول، شوٹ اور ہنجوگول میں سیلابی ریلوں کے باعث سڑکوں، گلیوں، گھروں اور زرعی اراضی کو شدید نقصان پہنچا۔ مٹی اور ملبہ بڑی مقدار میں جمع ہونے سے آمدورفت میں بھی مشکلات پیدا ہوئیں۔

مسلسل بارشوں کے دوران فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے اہلکار فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور امدادی و ریسکیو سرگرمیوں کا آغاز کیا۔

سکیورٹی فورسز نے سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کو بحفاظت نکال لیا، جبکہ بند سڑکوں کو ہیوی مشینری کی مدد سے کھول کر ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی۔

مقامی افراد نے پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی بروقت امدادی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے مشکل کی گھڑی میں عوام کا ساتھ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ قدرتی آفات سمیت ہر مشکل وقت میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔