کراچی: آرام باغ روڈ پر واقع نجی بینک کے اے ٹی ایم سے لاکھوں روپے کی چوری کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس کے مطابق بینک کا آپریشن منیجر ہی اپنے دوست کے ساتھ مل کر واردات میں ملوث نکلا۔
پولیس حکام کے مطابق 7 اگست کی درمیانی شب ملزمان نے اے ٹی ایم کا لاک کھول کر 53 لاکھ 70 ہزار روپے چوری کیے۔ واردات چھپانے کے لیے ملزمان نے اے ٹی ایم میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے پر چیونگم لگا دی تھی۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کرلیا اور چوری شدہ رقم کا ایک حصہ بھی برآمد کرلیا۔
حکام کے مطابق بینک آپریشن منیجر نے مبینہ طور پر چوری کی رقم اپنے دوست کے پاس رکھوائی تھی۔ پولیس نے دونوں ملزمان سے 29 لاکھ 74 ہزار روپے برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان سے واردات کے دیگر پہلوؤں سے متعلق بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔






