میر رضا کو گولی کیسے لگی؟ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں

کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میر رضا کو گولی پیچھے سے لگی تھی، جبکہ جسم پر تشدد کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔ فرانزک ٹیم کو تمام 14 نکات کے جوابات موصول ہوچکے ہیں۔

ابتدائی رپورٹ کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کیے جانے کا امکان ہے۔ 8 رکنی میڈیکل بورڈ رپورٹ تیار کر رہا ہے، جبکہ قبر کشائی کے دوران 17 سیمپلز بھی محفوظ کیے گئے تھے۔

دوسری جانب پولیس کو کیس کی تفتیش کے دوران میر رضا کے والد میر حسین کی ایک اہم آڈیو ریکارڈنگ بھی ملی ہے۔ ذرائع کے مطابق آڈیو میں میر حسین ’نور‘ نامی شخص سے قرض کی ادائیگی اور کراچی چھوڑنے سے متعلق گفتگو کر رہے ہیں۔

آڈیو میں میر حسین نے بتایا کہ وہ اسلام آباد منتقل ہوچکے ہیں، جہاں انہیں سیلز کی ملازمت ملی ہے، اور وہ قرض کی رقم کی ادائیگی کے لیے رقم کا انتظام کر رہے ہیں۔

پولیس آڈیو ریکارڈنگ اور دیگر شواہد کی روشنی میں مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سے قبل پولیس کو میر رضا کی ایک آڈیو بھی فراہم کی گئی تھی، جس میں وہ مالی معاملات اور رقوم کی ادائیگی سے متعلق گفتگو کر رہے تھے۔ تفتیشی حکام دونوں آڈیو ریکارڈنگز کو شواہد کے طور پر جانچ رہے ہیں۔