امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے مہنگے پیٹرول کے خلاف چاروں صوبوں میں دھرنے دینے کا اعلان کردیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گزشتہ روز ملک بھر میں 510 سے زائد مقامات پر پرامن احتجاج کیا گیا، جس میں عوام نے پیٹرولیم لیوی مسترد کردی۔ ان کے مطابق پورا پاکستان پیٹرولیم لیوی اور مہنگے پیٹرول کے خلاف ایک آواز بن چکا ہے، جبکہ عوام کا مطالبہ ہے کہ پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 16 اگست سے چاروں صوبوں میں بیک وقت دھرنوں کا آغاز کیا جائے گا۔ لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس جبکہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے دیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے ذریعے حکمرانوں کو عوام دشمن فیصلوں سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آئی پی پیز کے خلاف جدوجہد کی اور حکومت کو مذاکرات پر مجبور کیا، جس کے نتیجے میں بجلی کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھی خیرمقدم کیا۔






