اچھی خبر ، مریم نواز کا ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق بڑا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے اہم احکامات جاری کر دیے ہیں۔ نئی ہدایات کے تحت تمام ملازمین کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہیں ادا کرنا لازمی ہوگا، جبکہ ادائیگی کے عمل سے متعلق ماہانہ رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔

لاہور میں ستھرا پنجاب پروگرام سے متعلق خصوصی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مریم نواز نے صفائی ورکرز کی تنخواہوں میں تاخیر کا سخت نوٹس لیا اور متعلقہ کمپنیوں سے ادائیگیوں کی تفصیلات پر مبنی ماہانہ رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کنٹریکٹرز کے زیر التوا واجبات بھی جلد ادا کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں صوبے بھر میں صفائی کی مجموعی صورتحال اور ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، فیلڈ مانیٹرنگ مضبوط کرنے اور ورکرز کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے پر زور دیا۔

مریم نواز نے ہدایت کی کہ تمام مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں یکساں ڈسٹ بنز اور گاربیج بیگز کے استعمال کو یقینی بنایا جائے، جبکہ کاروباری علاقوں سے کچرا اٹھانے کے لیے باقاعدہ اوقات کار مقرر کیے جائیں۔ سڑکوں اور شاہراہوں کی صفائی و دھلائی کا عمل روزانہ صبح 5 بجے شروع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے صوبے کے تمام خالی پلاٹس کی صفائی اور گھروں سے براہِ راست کوڑا اٹھانے کے نظام کے نفاذ پر بھی زور دیا۔ تعلیمی اداروں، ہسپتالوں، ریلوے ٹریکس، پارکوں، گرین بیلٹس، منڈیوں اور شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر صفائی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کا حکم بھی دیا گیا۔

اجلاس میں ستھرا پنجاب کی گاڑیوں، کنٹینرز اور ویسٹ پوائنٹس کی باقاعدگی سے صفائی اور دھلائی کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ مریم نواز نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو کنٹریکٹرز اور واسا کے منیجنگ ڈائریکٹرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے اور صفائی کے نظام کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی تاکید کی۔