ٹرانسپورٹرز نے مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں پیر سے گڈز ٹرانسپورٹ بند کرنے کا اعلان کردیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن لاہور، نبیل محمود طارق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام ڈویژنز کے ٹرانسپورٹرز نے مشترکہ طور پر ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال مسائل حل نہیں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ روٹ پرمٹ، ٹول ٹیکس، سسٹم ٹیکس اور ٹارگٹ چالان سمیت متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ ٹرک اڈوں اور اسٹینڈز کے مسائل بھی حل نہیں کیے جا رہے، جس کے باعث موجودہ حالات میں کاروبار جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔
نبیل محمود طارق نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت کا پہیہ چلانے میں اپنا کردار ادا کرنے پر متفق ہیں، تاہم ان کے جائز مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔






