اسلامی تعاون تنظیم نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دفاع سے متعلق مکہ معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا ہے۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ نے معاہدے کو ایک اہم تزویراتی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں ممالک کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا عکاس ہے۔
او آئی سی کے مطابق مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے اور پوری مسلم دنیا میں سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے ایک بنیادی ستون ثابت ہوسکتا ہے۔ تنظیم نے کہا کہ یہ معاہدہ بڑھتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور رکن ممالک کے درمیان یکجہتی کے مشترکہ عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔ حسین ابراہیم طہٰ نے تینوں ممالک کی قیادت اور مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، خوش حالی اور عالمی برادری کے لیے مثبت نتائج کا باعث بنے گا۔
دوسری جانب قطر کے سابق وزیرِ اعظم حمد بن جاسم بن جابر آل ثانی نے بھی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک اہم اور امید افزا قدم قرار دیا ہے۔






