ملک گیر احتجاج، 170 اضلاع میں دھرنوں کا اعلان

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی آج ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دے گی۔ احتجاجی مہم کے لیے جماعت اسلامی کی قیادت نے حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ہے جبکہ ملک بھر میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

جماعت اسلامی کے مطابق احتجاج کے دوران ملک کے 170 اضلاع میں 510 اہم شاہراہوں پر احتجاجی سرگرمیاں اور دھرنے دیے جائیں گے۔ مختلف شہروں میں مرکزی مقامات پر کارکنان کی بڑی تعداد جمع ہونے کی توقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں قرطبہ چوک، کراچی میں شاہراہ فیصل اور اسلام آباد میں 26 نمبر اسٹاپ پر احتجاج کیا جائے گا۔

اسی طرح کوئٹہ میں میاں غنڈی چوک، پشاور میں ٹول پلازہ اور ملتان میں بوسن روڈ پر دھرنوں کا اعلان کیا گیا ہے۔

مزید برآں کرک میں انڈس ہائی وے، بنوں میں سی پیک چوک اور چکدرہ انٹرچینج پر بھی احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔ جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ احتجاج کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی میں اضافے کے خلاف عوامی آواز کو مؤثر انداز میں بلند کرنا ہے۔