پی ٹی آئی احتجاج، مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں، متعدد کارکنان گرفتار

کراچی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران پولیس اور کارکنان کے درمیان تصادم ہوا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی، جبکہ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد پولیس نے متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

یہ احتجاج پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کو تین سال مکمل ہونے پر ملک گیر احتجاجی کال کے تحت کیا گیا تھا۔

بدھ کے روز پی ٹی آئی کارکنان کراچی کے علاقے صدر میں ایک نجی مال کے قریب جمع ہوئے اور احتجاج کیا، جس کے باعث پریس کلب، گورنر ہاؤس اور میٹروپول کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

پولیس کی جانب سے مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکنے پر صورتحال خراب ہوئی، جس کے بعد آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔ مظاہرین کی جانب سے بھی پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ بعد ازاں پولیس کی کارروائی کے بعد متعدد کارکنان کی گرفتاری کے نتیجے میں احتجاج منتشر ہوگیا۔

پی ٹی آئی نے عمران خان کی گرفتاری کے تین سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں مختلف شہروں میں ریلیاں اور اجتماعات منعقد کیے گئے۔

عمران خان کو 5 اگست 2023 کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں اٹک جیل منتقل کیا گیا، جہاں وہ تقریباً ڈیڑھ ماہ رہے، بعد ازاں سیکیورٹی وجوہات اور عدالتی احکامات کے تحت انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔