پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ

پنجاب حکومت نے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے صوبے کے اضلاع میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز (ADCs) کی تعداد 4 سے بڑھا کر 5 کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ کی نئی پوسٹ بھی تخلیق کر دی گئی ہے۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (S&GAD) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کاشف جلیل کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ لاہور تعینات کیا گیا ہے، جبکہ راؤ رافع افضل کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز لاہور مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کاشف جلیل رجسٹرار ڈیفیمیشن ٹربیونل اور ایڈمنسٹریٹر جنرل بس اسٹینڈ کا اضافی چارج بھی سنبھالیں گے۔

ذرائع کے مطابق نئی پوسٹ کے قیام کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (MCL) کے شعبہ ریگولیشن میں بھی مؤثر کردار ادا کریں گے، جس کا مقصد ضلعی سطح پر انفورسمنٹ اور ریگولیٹری امور کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانا ہے۔

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اس انتظامی اقدام سے اضلاع میں گورننس، قانون پر عملدرآمد اور ریگولیٹری نظام کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔