کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس لودھراں کے قریب گیلے وال ریلوے اسٹیشن پر حادثے کا شکار ہو گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق رات تقریباً 2 بجے پیش آنے والے حادثے میں ٹرین کے انجن کی بریکیں فیل ہو گئیں، جس کے باعث انجن پٹری سے اتر کر سینڈ ہمپ پر چڑھ گیا۔ حادثے کے نتیجے میں انجن سمیت دو بوگیاں متاثر ہوئیں، تاہم کسی مسافر یا عملے کے فرد کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں متاثرہ انجن کی جگہ متبادل انجن لگا کر ہزارہ ایکسپریس کو دوبارہ اپنی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔
ریلوے حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔






