یو اے ای نے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجرا بحال کر دیا

دبئی: پاکستانی شہریوں کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے درخواست دینے والے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹریول انڈسٹری کے نمائندوں اور پاکستان میں یو اے ای سفارت خانے کے ایک اہلکار نے اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ویزا درخواستوں کی منظوری کا عمل دوبارہ معمول پر آ گیا ہے۔

اس فیصلے سے گزشتہ کئی ماہ سے جاری غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہوگا، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان سفری سرگرمیاں متاثر ہو رہی تھیں۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں، جبکہ یہ ملک پاکستان کے لیے ترسیلاتِ زر کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔

ٹریول انڈسٹری سے وابستہ حکام کے مطابق ویزوں کے اجرا کی بحالی سے سب سے زیادہ فائدہ فیملیز کو ہوا ہے، جن کی درخواستیں اب تیزی سے منظور کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے سے صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے، جبکہ انفرادی درخواست گزاروں کو ماضی میں ویزا منظوری کے حوالے سے زیادہ مشکلات کا سامنا رہا۔

امیگریشن حکام کے مطابق پاکستان سے یو اے ای جانے والے مسافروں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ایک سینئر پاکستانی امیگریشن اہلکار کے مطابق جولائی کے آخری ہفتے تک روزانہ تقریباً 400 مسافر دبئی روانہ ہو رہے تھے، جبکہ گرمیوں کے آغاز میں یہ تعداد تقریباً 170 یومیہ تھی۔

پاکستان میں یو اے ای سفارت خانے کے ایک اہلکار نے بھی تصدیق کی کہ رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے درخواست دینے والے عام پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ماضی میں سیکیورٹی اور حفاظتی خدشات کے باعث تاخیر ضرور ہوئی، تاہم اب مکمل دستاویزات کے ساتھ درخواست جمع کرانے والے پاکستانیوں کے لیے ویزا حاصل کرنا پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔