پاکستان سے سعودی عرب جانے والوں کیلئے اہم خبر

اسلام آباد: سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن ریاض ایئر نے پاکستان کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ایئرلائن کے مطابق اسلام آباد اور لاہور کے لیے فلائٹ آپریشنز کا آغاز رواں ماہ اگست سے کیا جائے گا۔

ریاض ایئر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کے لیے باقاعدہ پروازوں کا آغاز پہلے مرحلے میں 14 اگست سے ہوگا، جب ریاض اور اسلام آباد کے درمیان روزانہ نان اسٹاپ پروازیں چلائی جائیں گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لاہور کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز 18 اگست سے کیا جائے گا۔ ابتدائی مرحلے میں اس روٹ پر ہفتے میں تین پروازیں آپریٹ ہوں گی، جبکہ مستقبل میں مسافروں کی تعداد اور طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے ان میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

ایئرلائن کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے نئی پروازوں سے کاروباری افراد، سیاحوں، عمرہ زائرین اور سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو جدید، آرام دہ اور آسان سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔

ماہرین کے مطابق ریاض ایئر کی پاکستان آمد دونوں برادر ممالک کے درمیان فضائی روابط کو مزید مستحکم کرے گی، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور عوامی روابط کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔