آزاد کشمیر کے ضلع مظفرآباد میں آج قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت پولنگ جاری ہے، تاہم حلقہ ایل اے 27 میں پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 21 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں، جن میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستیں شامل ہیں۔ دیگر تمام حلقوں میں پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے 27 میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد سڑکیں بند ہونے سے انتخابی عملہ اور انتخابی سامان بروقت پولنگ اسٹیشنز تک نہ پہنچ سکا، جس کے باعث پولنگ شروع نہ ہو سکی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کے باوجود بند سڑکیں بحال نہ ہو سکیں، اس لیے حلقے میں پولنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کمیشن کے مطابق حلقہ ایل اے 27 میں پولنگ کی نئی تاریخ کا اعلان آج دوپہر کیا جائے گا، جبکہ آزاد کشمیر کے دیگر تمام حلقوں میں انتخابی عمل شیڈول کے مطابق جاری ہے۔






