پاکستان کی فضائی حدود بندش، بھارتی ایئرلائنز کو بڑا معاشی جھٹکا

پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایوی ایشن سیکٹر کو نمایاں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا کو 31 مارچ کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران تقریباً 2.3 ارب ڈالر کا خسارہ ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کے آپریشنل اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ 400 سے 500 پروازیں متاثر ہو رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو مغربی روٹس تبدیل کرنا پڑے، جس سے پروازوں کے دورانیے اور ایندھن کے اخراجات میں اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ امریکہ۔ایران کشیدگی کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور معاشی اتار چڑھاؤ نے بھی ایئر انڈیا کے مالی مسائل کو مزید بڑھایا۔

بھارتی ماہرِ ہوا بازی سوباش گوئل کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے باعث روزانہ سیکڑوں بھارتی پروازیں متاثر ہو رہی ہیں، جس سے ایوی ایشن سیکٹر پر اضافی مالی دباؤ پڑ رہا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال نے بھارتی فضائی آپریشنز کے اخراجات اور مجموعی کارکردگی پر نمایاں اثرات مرتب کیے ہیں۔