ایرانی کرنسی ریال کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد پاکستانی روپے سمیت کئی بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں ریال مزید کمزور ہو گیا ہے۔
ایرانی مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ نئے سرکاری نرخوں کے مطابق 29 جولائی 2026 کو ایک امریکی ڈالر کی سرکاری قیمت 1,421,105 ریال سے بڑھ کر 1,436,205 ایرانی ریال ہو گئی، جبکہ ایک یورو کی قیمت 1,633,131 ایرانی ریال مقرر کی گئی۔ دوسری جانب، مجاز منی چینجرز کے استعمال کردہ “ثناء سسٹم” میں امریکی ڈالر 1,517,870 ریال اور یورو 1,725,994 ریال پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 100 پاکستانی روپے کی قیمت 517,104 ایرانی ریال مقرر کی گئی ہے، جس کے حساب سے ایک پاکستانی روپیہ تقریباً 5,171 ایرانی ریال کے برابر بنتا ہے۔
تاہم ایران کی اوپن مارکیٹ میں صورتحال مختلف ہے، جہاں امریکی ڈالر کی قیمت 18 لاکھ 60 ہزار سے 18 لاکھ 90 ہزار ایرانی ریال کے درمیان دیکھی جا رہی ہے، جو سرکاری نرخوں سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں بھی ایرانی ریال کے سرکاری اور مارکیٹ ریٹس میں واضح فرق موجود ہے۔ اس وقت پاکستان میں ایک کروڑ (10,000,000) ایرانی ریال کے نوٹوں کا پیکٹ تقریباً 4,500 سے 5,000 پاکستانی روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
کرنسی مارکیٹ کے ماہرین اور ڈیلرز نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کرنے والے تاجروں کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی ریال کے سرکاری اور غیر سرکاری نرخوں میں نمایاں فرق کے باعث آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے۔
ڈیلرز نے مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی مالی لین دین کے لیے پاکستان کے مقامی اور لائسنس یافتہ ایکسچینج ہاؤسز کے جاری کردہ ریٹس کو ترجیح دی جائے، کیونکہ مختلف مارکیٹوں میں نرخوں میں واضح فرق پایا جا رہا ہے۔






