//

پاکستان اسرائیل کے ہدف پر ہے، طلال چوہدری

اسلام آباد (آئی این پی): وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کے باوجود پاکستان کی فتح نے ہر مسلمان کا سر فخر سے بلند کیا، جبکہ پاکستان آج بھی اسرائیل کے ہدف پر ہے۔

ویڈیو پیغام میں طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے استحکام سے کھیلنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی اور ان کے خاندان کو پاکستان مخالف پراکسیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کا ہدف صرف پاک فوج یا ملکی سلامتی کے ادارے نہیں بلکہ پورا پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ نورین نیازی کا بیان سوچی سمجھی منصوبہ بندی ہے اور اس بیان پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ نورین نیازی کو بتانا ہوگا کہ انہوں نے ایسا بیان کیوں دیا، کیونکہ یہ نہیں ہو سکتا کہ بار بار ان سے غیر دانستہ طور پر غلطی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی دوسری بہن بھی اسی نوعیت کی باتیں کر چکی ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے۔ ان کے بقول بانی پی ٹی آئی ایک پراکسی ہیں، جنہیں پالا گیا اور وسائل فراہم کیے گئے، جبکہ ان کا خاندان بھی پاکستان کے خلاف پراکسیز کا کردار ادا کر رہا ہے۔

طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ان کی سیاست سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، اور بانی پی ٹی آئی اور ان کے خاندان کا ہدف صرف فوج یا ریاستی ادارے نہیں بلکہ پورا پاکستان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close