//

مریم نواز سینٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ، پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے “مریم نواز سینٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ” کے پائلٹ منصوبے کی منظوری دے دی، جبکہ صوبے میں ایچی سن کالج طرز کے جدید بوائز اینڈ گرلز اسکول قائم کرنے اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو وسعت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

لاہور میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ وحدت روڈ پر طلبہ و طالبات کے لیے پہلا مریم نواز سینٹر آف اکیڈمک لیڈر شپ قائم کیا جائے گا۔ اس جدید تعلیمی ادارے میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپورٹس ہال، ہاکی اور کرکٹ اسٹیڈیم، گھڑ سواری کی سہولت اور سوئمنگ پول بھی موجود ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس ادارے میں بیک وقت پانچ ہزار طلبہ اور پانچ ہزار طالبات کو معیاری تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

دریں اثنا، وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایک اور اجلاس میں صوبے کے ایسے علاقوں میں، جہاں پینے کا پانی خراب ہے، بوٹلنگ پلانٹس فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں پینے کے صاف پانی کی بوتلیں ٹرکوں کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، جبکہ صوبہ بھر میں دو ہزار سے زائد فلٹریشن پلانٹس بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close