محکمہ تعلیم نے سمر کیمپس پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

لاہور: محکمہ تعلیم نے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر یکم جولائی سے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں ہر قسم کے سمر کیمپس کے انعقاد پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

محکمہ تعلیم کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں کو سمر کیمپس چلانے کی اجازت صرف 30 جون تک دی گئی تھی، جبکہ یکم جولائی سے تمام اسکولوں کو سمر کیمپ کی سرگرمیاں فوری طور پر بند کرنا ہوں گی۔

نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں بھاری جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں جبکہ اسکول کی رجسٹریشن یا لائسنس بھی منسوخ کیا جا سکتا ہے۔

محکمہ تعلیم نے تمام ضلعی افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں کے اسکولوں کو نئے احکامات سے فوری آگاہ کریں اور ان پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔

حکام کے مطابق پابندی پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے خصوصی انسپکشن ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو یکم جولائی سے اسکولوں کے اچانک دورے کریں گی اور غیرقانونی طور پر سمر کیمپ چلانے والے اداروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں گی۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کے باعث بچوں کی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ انہیں لو اور دیگر موسمی اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close