کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے ویڈیو پیغام پر تنقید اور منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری نے مشکل ترین حالات میں “پاکستان کھپے” کا نعرہ لگا کر قومی یکجہتی کا پیغام دیا اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کیا۔
کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لیے ایک گیم چینجر منصوبہ ہے اور اس کے ثمرات آنے والی نسلوں تک پہنچیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے خلاف مسلسل منفی تاثر پیش کیا جاتا ہے اور اس کا موازنہ دیگر شہروں سے کیا جاتا ہے، حالانکہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے جہاں روزگار کی تلاش میں پورے پاکستان سے لوگ آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب کراچی دنیا کے خطرناک ترین شہروں میں شمار ہوتا تھا، تاہم صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کے باعث آج شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری جیسے جرائم کا خاتمہ ہو چکا ہے۔
میئر کراچی نے بتایا کہ پاکستان کا پہلا انڈسٹریل واٹر پارک کراچی میں تعمیر کیا جا رہا ہے، جبکہ این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی یو ٹی جیسے اداروں میں ملک بھر سے مریض علاج کے لیے آتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ترقی اور بہتری کا سفر جاری رہے گا۔
ممکنہ
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






