عیدالاضحیٰ کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کی قیادت نے قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اتحاد، قربانی اور قومی یکجہتی کے پیغامات جاری کیے ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ صبر، وفا اور ایثار کے عظیم جذبے کی یاد دلاتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی وحدت کو ترجیح دیتے ہوئے نفرت اور تقسیم کے بجائے محبت، برداشت اور مکالمے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمزور طبقات کے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہوئے ہر فرد کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ صدر کے مطابق عید کی خوشیاں اس وقت مکمل ہوتی ہیں جب معاشرے کے مستحق اور سفید پوش افراد بھی ان خوشیوں میں شریک ہوں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ سنتِ ابراہیمی اور اطاعتِ خداوندی کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ مقصد کے لیے جان، خواہشات اور ذاتی مفادات کی قربانی ایمان کی معراج ہے۔ وزیرِ اعظم نے دہشتگردی کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ عید کے موقع پر غریب، نادار اور مستحق افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے تاکہ معاشرے میں اتحاد، یگانگت اور ایثار کے جذبے کو فروغ دیا جا سکے۔
دوسری جانب فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف نے بھی قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج ملک میں دیرپا امن، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے دعاگو ہیں اور ملکی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے اپنے عزم پر قائم ہیں۔
مسلح افواج کے سربراہان نے شہدائے پاکستان کے اہلِ خانہ کو خصوصی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں نے وطنِ عزیز کی بنیادوں کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






