ژوب: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ ایران گیس پائپ لائن کو فوری فعال کیا جائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی تجارت بحال کی جائے۔
ژوب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ چمن بارڈر کی بندش کا بھی فوری حل نکالا جانا چاہیے تاکہ عوامی مشکلات کم ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ چند لاکھ آبادی والے ضلع ژوب کے متعدد افراد اسمبلیوں میں موجود ہیں، لیکن یہ نمائندے عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے موجودہ حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ تمام عہدے اپنے خاندانوں میں تقسیم کر رہے ہیں، جو اپنی جماعتوں میں جمہوریت قائم نہیں کر سکتے وہ ملک میں جمہوریت کیسے لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عام آدمی کے مسائل اور تکالیف کو محسوس کرتی ہے، جبکہ آج عوام سے پیٹرول پر بھاری ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو عوامی مسائل اور مہنگائی کا احساس ہی نہیں، وہ ملک کے مسائل حل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ناکامی کا اعتراف کریں کیونکہ وہ عوامی اور ملکی مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے اور اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






