جرگہ سسٹم کے خلاف بڑا قانون

 

کراچی: سندھ اسمبلی میں غیر قانونی جرگوں اور متوازی عدالتی نظام کے خلاف اہم بل پیش کر دیا گیا ہے۔

رکن اسمبلی نجم مرزا نے سندھ پروہبیشن آف ان لا فل جرگاز بل 2026 اسمبلی میں جمع کرایا، جس کا مقصد غیر قانونی جرگوں، پنچایتوں اور خود ساختہ انصاف کے نظام کا خاتمہ کرنا ہے۔

بل کے مطابق ایسے جرگے جو قتل، تشدد یا اجتماعی حملوں پر اکساتے ہیں انہیں سنگین جرم قرار دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ گھروں کو آگ لگانا، گاؤں جلانے اور اجتماعی سزا جیسے فیصلے بھی قابل سزا ہوں گے۔

مسودے میں کہا گیا ہے کہ سوشل بائیکاٹ، جبری بے دخلی اور بنیادی سہولتوں سے محروم کرنے جیسے اقدامات بھی قانون کی زد میں آئیں گے۔ اسی طرح جبری شادی، زبردستی طلاق، پسند کی شادی پر سزا دینے اور انسانوں کے تبادلے جیسے فیصلے بھی جرم تصور ہوں گے۔

بل میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ کسی شہری کو پولیس یا عدالت سے رجوع کرنے سے روکنا یا ایف آئی آر واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالنا بھی قابل گرفت ہوگا۔

قانون سازی کا مقصد ہر شہری کو مذہب، ذات، برادری اور جنس سے بالاتر ہو کر قانونی تحفظ فراہم کرنا بتایا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close