کراچی: بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی میں حکام کے مابین اختلافات کے باعث میٹرک بورڈ کے امتحانی نتائج میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ناظم امتحانات نے سیکرٹری میٹرک بورڈ کے خلاف سندھ حکومت کو خط لکھا دیا، خط کی کاپی سیکرٹری جامعات و بورڈز اور صوبائی وزیر کو بھی ارسال کر دی گئی ۔ناظم امتحانات میٹرک بورڈ نے خط میں الزام لگایا ہے کہ سیکرٹری میٹرک بورڈ امتحانی امور میں مسلسل غیرقانونی مداخلت کر رہے ہیں، سیکرٹری بورڈ نے امتحانات، تعیناتیوں اور منظوریوں کی سرکاری فائلیں روک رکھی ہیں، فائلوں میں غیرضروری تاخیر سے امتحانی ونگ کی کارکردگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔کنٹرولر نے الزام عائد کیا کہ سیکرٹری امتحانات بورڈ مشاورت کے بغیرامتحانی ونگ میں من پسند افراد کو تعینات کر رہیہیں، امتحانی ونگ پیپرز کی تیاری، رازداری اور نتائج جیسے انتہائی حساس معاملات دیکھتا ہے، سیکرٹری کے اقدامات سے بورڈ کے امتحانی نظام کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔کنٹرولر امتحانات کی جانب سے محکمہ بورڈ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ سندھ حکومت میٹرک بورڈ کا انتظامی ڈسپلن بحال کروائے۔ذرائع میٹرک بورڈ کا کہنا ہے کہ میٹرک بورڈ حکام کے اختلافات کے باعث میٹرک بورڈ کے نتائج میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






