اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی ویب سائٹ کو نئے فیچرز کے ساتھ اپ گریڈ کر دیا ہے، جس میں ب فارم کی میعاد ختم ہونے سے متعلق معلومات بھی شامل کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نادرا نے شہریوں کی سہولت کے لیے ویب سائٹ کو جدید فیچرز سے آراستہ کرتے ہوئے معلومات اور خدمات تک رسائی کو مزید آسان بنا دیا ہے۔
نادرا پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نادرا نے بتایا کہ شہری اب نادرا سینٹرز، ای سہولت مراکز اور مختلف خدمات سے متعلق معلومات باآسانی حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ کسی بھی شہری کو سروس فراہم کرنے سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
ترجمان کے مطابق نئی ویب سائٹ میں خصوصی طور پر ’’این گرڈ‘‘ سیکشن شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری اپنے ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح تک نادرا دفاتر، ای سہولت مراکز اور ان کے اوقاتِ کار کی تفصیلات دیکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ویب سائٹ میں ’’رائٹ ٹو انفارمیشن‘‘ (آر ٹی آئی) کے تحت سوالات جمع کرانے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جبکہ طلبہ اور محققین کے لیے شماریاتی معلومات کا الگ سیکشن متعارف کرایا گیا ہے، جہاں مختلف علاقوں میں رجسٹرڈ آبادی اور نادرا کے اعداد و شمار تک رسائی ممکن ہوگی۔
سید شباہت علی کے مطابق وزارتِ داخلہ کی نئی ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان کے کسی بھی نادرا سینٹر میں شہریوں کو سروس دینے سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کا ریکارڈ نادرا میں موجود ہے تو وہ ملک کے کسی بھی شہر سے شناختی کارڈ، ایف آر سی یا دیگر خدمات حاصل کر سکتا ہے۔
بچوں کے ب فارم سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ تین سال سے کم عمر بچوں کے لیے نادرا سینٹر آنے کی ضرورت نہیں، جبکہ تین سال سے زائد عمر کے بچوں کی تصویر اور 10 سال سے زائد عمر کے بچوں کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 10 سال سے کم عمر بچوں کا ب فارم ای سہولت فرنچائز کے ذریعے بھی بنوایا جا سکتا ہے، جبکہ ’’پاک آئیڈینٹیٹی‘‘ موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے درخواست دینا بھی ممکن ہے۔ اس ایپلی کیشن میں دستاویزات ’’موبائل والٹ‘‘ میں محفوظ رہتی ہیں، جنہیں ضرورت پڑنے پر فوری استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ترجمان نادرا نے شہریوں کو یاد دہانی کرائی کہ تین سال سے کم عمر بچے کا ب فارم تین سال کی عمر مکمل ہونے پر، جبکہ 3 سے 10 سال کے بچوں کا ب فارم 10 سال کی عمر میں خودکار طور پر ایکسپائر ہو جاتا ہے۔ اسی طرح 18 سال کی عمر مکمل ہونے کے بعد قومی شناختی کارڈ بنوانا قانونی طور پر لازمی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





