حکومتِ پنجاب نے سال دو ہزار ستائیس کے لیے پتنگ بازی سے متعلق نئے قواعد و ضوابط جاری کر دیے ہیں۔ یہ اقدامات وزیرِ اعلیٰ پنجاب Maryam Nawaz کی ہدایات پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پتنگ بازی کو صرف محفوظ اور مضبوط چھتوں تک محدود کر دیا گیا ہے، جبکہ چھتوں کی چار دیواری کم از کم ساڑھے تین فٹ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ بچوں کی نگرانی والدین کے لیے لازمی ہوگی۔
چھتوں پر دوڑنے، کودنے اور خطرناک حرکات پر مکمل پابندی عائد ہوگی، جبکہ گنجائش سے زیادہ افراد کو چھتوں پر جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پتنگ بازی کے دوران ڈی جے، شور شرابہ اور اونچی آواز میں موسیقی پر بھی پابندی ہوگی۔
ہمسایوں کو تنگ کرنا قانوناً جرم تصور ہوگا، اور ہر مقام پر فرسٹ ایڈ کٹ کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں Rescue 1122 سے فوری رابطے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خلاف ورزی کی صورت میں عمارت مالکان اور منتظمین ذمہ دار ہوں گے، اور ضوابط کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح کیا گیا ہے کہ انسانی جانوں سے کھیلنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو سو فیصد عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






