پٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایوں میں اضافے سے متعلق بری خبر ،کتنا اضافہ ہوا ؟ جانئے

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے کرایوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

حکومت کی جانب سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے اس اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ملک میں مہنگائی میں تیزی کا باعث بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے اور ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں نقصان میں چلا رہے ہیں۔

ملک شہزاد اعوان کے مطابق موجودہ حالات میں پرانے کرایوں پر کام جاری رکھنا ممکن نہیں رہا، جس کے باعث گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قیمتوں میں فوری کمی کی جائے تاکہ عوام اور کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، جبکہ ڈیزل بھی 26 روپے 77 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 393 روپے 35 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 380 روپے 19 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ علاقائی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہو رہا ہے، اور عالمی شراکت داروں سے کیے گئے معاہدوں کے تحت حکومت کو اس اضافے کا بوجھ منتقل کرنے کے لیے اقدامات کرنا پڑ رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close