پاسپورٹ بنوانے والے ہوجائیں ہوشیار

گجرات میں پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے، جہاں جعلسازوں کا ایک منظم نیٹ ورک شہریوں کو دھوکہ دے کر رقم بٹورنے میں مصروف تھا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات تیار کرنے والے گروہ کے اہم کارندے کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق کارروائی گجرات کے علاقے محلہ ضیاء الاسلام، تیمور چوک میں کی گئی، جہاں سے ملزم نصیر احمد کو حراست میں لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے درجنوں ممالک کے جعلی پاسپورٹس، ویزا اسٹیکرز اور دیگر حساس سامان برآمد ہوا۔
برآمد ہونے والے سامان میں برطانیہ، کینیڈا، اسپین اور بیلجیئم کے پاسپورٹس جبکہ امریکہ، برطانیہ، جاپان، ترکی اور میکسیکو کے جعلی ویزا اسٹیکرز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پاسپورٹ لیمینیشن مشین، کٹر، ڈرل مشین، کینیگرام اسٹیکرز، جعلی شناختی کارڈز اور تعلیمی اسناد بھی برآمد کی گئیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم گزشتہ 7 سے 8 سال سے اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھا اور سادہ لوح شہریوں کو بیرونِ ملک بھیجنے کا جھانسہ دے کر بھاری رقوم وصول کرتا رہا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک میں بعض سرکاری اہلکاروں کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے، جس کے پیش نظر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ تمام ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ مزید گرفتاریوں کی بھی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close