وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گورننس میں بہتری اور کرپشن کا خاتمہ آئی ایم ایف کا نہیں بلکہ حکومت پاکستان کا اپنا ایجنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کا مشن حکومت پاکستان کا ہے اور اس مقصد کے لیے آئی ایم ایف سے ہٹ کر بھی اقدامات جاری ہیں۔ وزیر خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کے گورننس سسٹم اور بدعنوانی کے معاملات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں سیاستدانوں اور اعلیٰ حکام کی مالی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
صحافی کے سوال پر کہ کیا بدعنوانی آئی ایم ایف پروگرام پر اثرانداز ہو سکتی ہے، وزیر خزانہ نے کہا کہ کرپشن اور بیڈ گورننس کے خاتمے کے لیے ایکشن پلان جاری کر دیا گیا ہے اور گورننس نظام میں بہتری کے لیے متعدد کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔
واشنگٹن میں گفتگو کے دوران جب وزارت خزانہ کی جانب سے وفاقی اسپتالوں کے فنڈز میں کٹوتی سے متعلق سوال کیا گیا تو وزیر خزانہ نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے استعمال پر وزارت توانائی غور کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






