پرویز الہی کو بری کرنیوالے جج کی سیاسی وابستگی واضح ہے، نگران وزیر اطلاعات نے بڑا الزام عائد کر دیا

لاہور(آئی این پی)نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہی کو ریلیف دینے والے جج کی سیاسی وابستگی واضح ہے۔حکومت پنجاب کی جانب سے سوشل میڈیا پر نگران وزیر اطلاعات عامر میر کا بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ پرویز الہی کو کیس سے بری کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ نے حقائق سے صرف نظر کیا۔

عامر میر کا کہنا تھا کہ سیاسی وابستگی والا جج ایف آئی اے اور اینٹی کرپشن کے کیسز کے فیصلے دے رہا ہے، یہ جج پہلے بھی 5 مقدمات میں پرویز الہی اور محمد خان بھٹی کو ریلیف دے چکے ہیں۔نگران وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ جج صاحب کا سوشل میڈیا پیج سیاسی وابستگی کا اہم ترین ثبوت ہے، پرویز الہی کیس کا فیصلہ عدالتی معیار پر سوالیہ نشان ہے، حکومت اس معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے۔عامر میر نے کہا کہ انصاف کی کرسی پر بیٹھنے والوں کو سیاسی وابستگی کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرنے چاہئیں، کرپٹ عناصر کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔۔۔

close