سینیٹ میں پرویز مشرف کیلئے دعائے مغفرت نہ ہونے دینے کو بداخلاقی قرار دے دیا گیا

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کیلئے سینیٹ میں دعائے مغفرت نہ ہونے دینا بداخلاقی ہے۔ میت سے بغض و عناد اسلام اور پیغمبرِ اسلام کی تعلیمات کے برعکس ہے۔ اسلام کے نام پر حاصل کئے گئے ملک میں کسی مسلمان کے لئے مغفرت کی دعا سے روکنا شرمناک ہے۔چیئرمین سینیٹ اس کوتاہی کا ازالہ کریں۔

انہوں نے گزشتہ روز مرکزی راہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان معاشی ہی نہیں بدترین اخلاقی بحران کا بھی شکار ہے۔ سیاسی مخالفین کے لئے پاکستان کو عقوبت خانہ نہ بنایا جائے۔ سابق سپیکر، سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور سابق نائب وزیراعظم ،سینئر پارلیمنٹرین چودھری پرویز الٰہی کے گھر کا گھیرائو چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور حرمت انسانی کی توہین ہے۔ ایسے واقعات کی قانون اور اخلاقیات میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ نفرتوں کو مزید گہرا نہ کیا جائے۔ جو آج برسراقتدار ہیں وہ کل نہیں ہوں گے لہٰذا انتقام کے بیج نہ بوئے جائیں اور ماضی سے سبق سیکھا جائے۔ خرم نواز گنڈاپور نے مریم نواز کی طرف سے سپریم کورٹ کے سابق ججز پر تنقید پر اپنے ردعمل میں کہا کہ مریم تنقید کر کے عدلیہ اور اس کے فیصلوں کی توہین کررہی ہیں اور شہ دے رہی ہیں کہ باقی لوگ بھی یہ رویہ اختیار کریں۔ کیا ادارے کی توہین پر کوئی اس کے خلاف کارروائی کرے گا؟انہوںنے کہا کہ مریم نواز بتائیں 50روپے کے اشٹام پیپر پر ان کے سزا یافتہ والد کو بیرون ملک کس نے بھجوایا اور پارلیمنٹ کی اقلیتی جماعت ہونے کے باوجود اس کے چچا کو وزارت عظمیٰ کی مسند پر کس نے بٹھایا؟

close