پشاور میں امن مارچ آج ہو گا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق قیادت کریں گے

لاہور (آئی این پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن تاریخ پر تاریخ دے کر کراچی کے عوام کو اپنی اصل قیادت سے محروم رکھنا چاہتا ہے۔ الیکشن کمیشن کا سندھ حکومت سے مرعوب ہونا افسوس ناک ہے، انتخابات ہوئے عرصہ گزر گیا، لیکن اب تک نتائج کا حتمی نہ ہونا ناقابل فہم ہے۔ پیپلزپارٹی کراچی شہر کے میئر کا خواب دیکھنا چھوڑ دے، کراچی کی عوام نے جماعت اسلامی کو مینڈیٹ دیا ہے اور اس مینڈیٹ کا تحفظ کرنا جماعت اسلامی جانتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور امن مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پشاور امن مارچ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ امیر ضلع پشاور بحراللہ خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔امیر جماعت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کراچی انتخابات کے حوالے سے سماعت کو طول دینے کی بجائے فوری طور پر نتائج کا اعلان کر کے انصاف فراہم کرے، جن 11یوسیز میں باوجوہ الیکشن کا عمل نہیں ہوا اس کی تاریخ کا اعلان بھی کرے۔ یہ کیسا انتخابی نظام ہے کہ عوام کا مینڈیٹ لینے کے باوجود نتیجہ کے حصول کے ہر مرحلہ پر دھاندلی ہوتی ہے، الیکشن کمیشن نتائج پر انصاف نہیں کر سکتا۔ نتائج میں مزید تاخیر سے الیکشن کمیشن اپنی ساکھ خراب کر رہا ہے۔ بلدیاتی انتخاب میں جماعت اسلامی نے سب سے زیادہ ووٹ اور نشستیں حاصل کیں ہیں، اہل کراچی کے مینڈیٹ پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ اداروں اور حکومت پر ہر جگہ تنقید ہو رہی ہے۔ حالات بہتر نہ ہوئے تو حکومت کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔ جلسے اور ریلیاں آغاز ہیں، عوام کا ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں اور محلات تک بھی جا سکتا ہے۔ آئی ایم ایف کی خوشنودی کے حصول کے لیے عوام کے پسینہ کے بعد اب خون نچوڑا جا رہا ہے، ایسے میں بدامنی کی فضا نے عوام کی آزمائش میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ فاٹا کا خیبرپختونخواہ میں انضمام جس امید کے ساتھ کیا گیا، حکومتوں نے وہ وعدے پورے نہیں کیے۔ قبائلی عوام اضطراب میں ہیں، پورا علاقہ لاوارث ہو گیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں ہر آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی پشاور اور خیبرپختونخوا کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور انھیں کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ صوبہ کی پولیس کو بھی پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ جس جرات مندی اور بہادری سے دہشت گردی کا مقابلہ کرتے آئے ہیں اس پر پورے ملک کے عوام آپ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے دس سالہ دور اقتدار میں صوبے میں امن و ترقی کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیںاٹھائے گئے۔ خیبرپختونخوا پولیس مراعات اور ہتھیاروں کی کمی کے باوجود دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔ امیر جماعت کا مزید کہنا تھا کہ کل پشاور میں ہونے والا امن مارچ پشاور سمیت خیبرپختونخوا اورپورے ملک کے لیے امید کا پیغام ہو گا، امن مارچ میں تمام مکتبہ فکر، مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی عوام کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے جماعت اسلامی کو اقتدار دیا تو ملک کو امن و ترقی، خوشحالی اور بھائی چارے کا گہوارہ بنائے گی۔

close