عمران پر قاتلانہ حملہ، ن لیگی عہدیدار سمیت مزید 3 افراد مقدمے میں ملزم نامزد

گوجرانوالہ(آئی این پی ) وزیر آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملیکی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے مزید 3 افراد کو مقدمے میں باضابطہ ملزم نامزد کر دیا۔ جے آئی ٹی کی جانب سے مقدمے میں نامزد تینوں افراد پہلے سے جے آئی ٹی کی تحویل میں تھے، ملزمان میں ن لیگ کا ضلعی سیکریٹری اطلاعات مدثر نذیر، اس کا بھائی احسن علی اور تیسرا ملزم طیب بٹ بھی وزیر آباد کا رہائشی ہے۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث ملزمان کو سیشن عدالت میں پیش کیا گیا، تینوں ملزمان کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سجاد علی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ تفتیشی آفیسر نے موبائل فون برآمدگی کے لیے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، عدالت نے ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر جےآئی ٹی کے حوالے کر دیا۔ ملزمان کو 17 جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، مرکزی ملزم نوید بشیر کے ساتھ ایک ملزم وقاص پہلے سے گرفتار ہے۔