مہنگائی کے خلاف پی ٹی آئی کی تحریک آج سے شروع

لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور نہ کیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کے فیصلہ کے علاوہ اعظم سواتی کی گرفتاری اور مہنگائی کے خلاف آج سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ استعفے منظور نہ کیے جانے کے خلاف ہم سپریم کورٹ جا رہے ہیں، 123 ارکان نے اسمبلی کے اندر کھڑے ہوکر استعفی دیا،

ہر رکن قومی اسمبلی کو اسپیکر کے سامنے کھڑا کرنے کی بات بڑی مضحکہ خیز ہے، استعفے انفرادی طور پر نہیں دیے جائیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جن 11 لوگوں کے استعفے قبول کیے، کیا ان کو بلایا؟ سمجھ رہے تھے کہ ان 11 سیٹوں پر جیت جائیں گے لیکن بری طرح ہارے، تحریک انصاف کا کوئی ایم این اے قومی اسمبلی میں بیٹھنے کو تیار نہیں، جو لوٹے قومی اسمبلی میں بیٹھے ہیں ان کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آپ نے جن 11 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے کیا انہیں ایک ایک کرکے بلایا تھا؟ ملک میں لوٹا کریسی کی سیاست ختم ہو چکی ہے، ہمارے استعفے آپ کے پاس ہیں، آپ کہتے ہیں کہ منظور نہیں کر رہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوٹے اپنے حلقوں میں جانے کے قابل نہیں رہے، اسحاق ڈار کی کامیابی پاکستان کی ناکامی ہے، زرداری کی کامیابی پاکستان کی ناکامی ہے، اسحاق ڈار نے اثاثے بحال کروانے کی قانونی جنگ جیتی اس پر ہر پاکستانی شرمندہ ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی 11 جنوری سے پہلے وزیر اعلی پنجاب اعتماد کا ووٹ لے لیں، ارکان پنجاب اسمبلی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں ہم اکثریتی جماعت ہیں، 177 ارکان پنجاب اسمبلی ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں، ق لیگ کے 10 ارکان نے پرویز الہی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، پنجاب حکومت گرانا یا قائم رکھنا ہمارا استحقاق ہے، پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ کا کھیل کھیلا گیا۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ جب بھی منڈی لگتی ہے زرداری صاحب بوریاں بھر کر پنجاب آ جاتے ہیں، ملک کی سیاسی اخلاقیات کا بیڑہ غرق کرنے میں ان کا کردار ڈھکا چھپا نہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ آج(جمعہ) سے پی ٹی آئی احتجاجی تحریک کا آغاز کر رہی ہے، جہاں اعظم سواتی کو گرفتار کرکے رکھا گیا ہے، اس کے سامنے احتجاج کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اعظم سواتی نے چیف جسٹس ہائیکورٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، پیر کو اس عمارت کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائے گا جہاں اعظم سواتی کو رکھا گیا ہے، اعظم سواتی کے خلاف 45 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج سے ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف بھی احتجاج کیا جائے گا، پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں مظاہروں کی قیادت کریں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی سینئر قیادت نے ٹیکنوکریٹ حکومت کی بازگشت کو مسترد کر دیا ہے، ٹیکنوکریٹ حکومت کا خواب دیکھنے والے سن لیں کہ یہ منصوبہ پورا نہیں ہوگا، ملکی مسائل کا واحد حل صاف اور شفاف الیکشن کے سوا کچھ نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ الیکشن کے بجائے ٹیکنوکریٹ حکومت ہی بن جائے، اسٹیبلشمنٹ سے بھی کہتا ہوں کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کا آئیڈیا بری طرح پٹ جائے گا، عوام کو لیبارٹری کے چوہے نہ سمجھا جائے، مزید تجربے نہ کیے جائیں، پنجاب میں ہم اکثریتی جماعت ہیں۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کو کہنے جا رہے ہیں کہ آصف زرداری، ناصر شاہ اور شرجیل میمن کی پنجاب میں مصروفیات الیکشن کمیشن سے شیئر کریں۔۔۔۔۔

close