اغواء کیے گئے ملاکھڑا کے دو پہلوان بازیاب کرا لیے گئے

رحیم یارخان (پی آین آئی) گزشتہ ماہ اغواء کیے گئے دو پہلوانوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے جبکہ ایک ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس کے مطابق اغواء کے بعد بازیاب ہونے والے پہلوان 25 سالہ ہاشم خان اور 40 سالہ راحیل چچا بھتیجے ہیں۔ رحیم یار خان پولیس کے اے ایس پی شاہ زیب کے مطابق بھونگ میں گنے کی فصل میں ڈاکوؤں کی موجودگی پر کارروائی کی گئی تھی۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا ہے کہ اغواء کار مغویوں کو ایک سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے، جس کے دوران ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

اے ایس پی شاہ زیب کا مزید کہنا ہے کہ پولیس نے مقابلے کے بعد 16 روز قبل اغواء کیے گئے دونوں پہلوانوں کو بازیاب کر کے ایک اغواء کار کو گرفتار کر لیا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس نے کارروائی سے قبل 8 سہولت کاروں کو حراست میں لیا تھا، پولیس آپریشن جاری ہے، دیگر ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ یہ بات اہم ہے کہ اغوا کیے گئے دونوں افراد ملاکھڑا پہلوان ہیں، اہلِ خانہ کے مطابق ہاشم خان اور راحیل خان نجی شوگر مل میں ملاکھڑا کھیلنے گئے تھے کہ اغواء کر لیے گئے تھے۔ ماہی چوک پر سڑک پر صرف ان کی موٹر سائیکل ملی تھی، اطلاع ملی تھی کہ دونوں کو ڈاکوؤں نے اغواء کر لیا ہے۔۔۔۔

close