راولپنڈی میں خیمہ بستی قائم، کتنے ہزار پی ٹی آئی کارکنان پہنچیں گے؟ بڑا دعویٰ

راولپنڈی(آئی این پی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ عوام کی بڑی تعداد قافلوں کی صورت میں آج (جمعہ کو) راولپنڈی کی خیمہ بستی میں پہنچ جائے گی، راولپنڈی کا اجتماع ملکی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، کپتان 26 نومبر کو راولپنڈی میں انسانوں کے سمندر کی قیادت کریں گے۔سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں راولپنڈی جلسہ گاہ کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی جب کہ مارچ کی سیکیورٹی، روٹ اور میڈیا کے حوالے سے تیار کردہ پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں دوران بریفنگ بتایا گیا کہ کراچی سے حقیقی آزادی مارچ کا قافلہ راولپنڈی کے لئے روانہ ہو چکا ہے جب کہ کوئٹہ اور گلگت بلتستان سے حقیقی آزادی مارچ کے قافلے روانگی کے لیے تیار ہیں۔پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم حقیقی آزادی کے حصول کیلئے مکمل یکسو اور پرجوش ہے، ملک بھر سے آنے والے قافلوں کا راولپنڈی میں تاریخی خیر مقدم کریں گے۔اسد عمر نے کہا کہ راولپنڈی کا اجتماع ملکی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، کپتان 26 نومبر کو راولپنڈی میں انسانوں کے سمندر کی قیادت کریں گے۔

close