آصف زرداری ماڈل ٹائون پہنچ گئے، شہباز شریف سے ملاقات، تفصیلات سامنے آ گئیں

اسلام آباد(آئی این پی)لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے ملاقات کی۔وزیراعظم اور سابق صدر آصف زرداری کی ملاقات لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ہو ئی جس میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ اور سلیم مانڈی والا بھی شریک تھے۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مشاورت کی گئی۔ ملاقات میں باہمی تعاون سے معیشت کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ اتحادی جماعتوں نے وزیرِ اعظم شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

ادھر ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت بچانے کیلئے کوششیں تیز کردیں۔سپریم کورٹ کی جانب سے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے کیس پر فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے 25 منحرف اراکین کی اسمبلی رکنیت ختم ہوگئی، فیصلے کے نتیجے میں حمزہ شہباز کی پنجاب میں وزارت اعلی شدید خطرے میں ہے۔سابق صدر آصف زرداری نے جمعہ کو مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی تھی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی میں 10 اراکین کی حمایت سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی۔آصف زرداری نے ہفتہ کو لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے ماڈل ٹائون میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی،

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان ملاقات تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، صوبے کے حالات اور دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔وزیراعظم اور آصف زرداری کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس کے مطابق ملاقات میں اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں سینئر حکومتی وزرا، ن لیگ کے رہنمائوں اور پیپلزپارٹی کے قائدین نے شرکت کی، جس میں موجودہ ملکی صورتحال پر تفصیلی گفتگو اور مشاورت کی گئی۔پیپلزپارٹی کی قیادت اور رہنمائوں کی جانب سے موجودہ حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ باہمی تعاون سے ملک کی معیشت کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے اقدامات اٹھانے ہونگے۔۔۔۔

close