اسمبلیاں تحلیل ہوں گی یا نہیں؟ اتحادی جماعتوں نے بھی فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد(پی این آئی) ملک کے سیاسی منظرنامے میں چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف جلد اسمبلیاں تحلیل کر دیں گے اور نئے انتخابات کی طرف چلے جائیں گے ۔ صدارتی ریفرنس میں آنے والے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ افواہ شدت اختیار کر گئی تھی تاہم حکومت کی اتحادی جماعتوں نے اس افواہ کے برعکس فیصلہ سنا دیا ہے۔

 

حکومت کے اتحادی پارٹنرز نے کل سپریم کورٹ کی طرف سے آنے والے فیصلے کے بعد میٹنگ میں فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ حکومتی سیٹ اپ اگست 2023ءتک اپنی آئینی مدت پوری کرے گا۔ اس دوران دگرگوں معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کی طرف سے جو مشکل فیصلے کیے جائیں گے، حکومت کی اتحادی جماعتیں ان فیصلوں کی حمایت کریں گی۔نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک وفاقی وزیر نے بتایا کہ ملاقات میں اتحادی جماعتوں نے اصرار کیا کہ ان کی طرف سے کیا گیا یہ فیصلہ ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ اتحادی جماعتوں کی اس میٹنگ کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی تھی جس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ حکومت الیکشن کی طرف جانے سے پہلے قانونی، آئینی اور انتخابی اصلاحات کا عمل مکمل کرے گی۔

close