عثمان بزدار قبول نہیں، علیم خان اور ترین گروپ کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

لاہو ر (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبد العلیم خان کی جہانگیر ترین گروپ سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق جہانگیر ترین گروپ اور عبد العلیم خان کے وفد کے اجلاس کے دوران ترین گروپ کے اراکین نے زور دیا کہ عثمان بزدار قبول نہیں ، اس سے کم پر کوئی بات نہیں ہو گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کی طرز حکمرانی نے پارٹی کا تشخص تباہ کردیا۔

ہم نے جد و جہد اس لیے نہیں کی تھی کہ پارٹی کا تشخص تباہ کر دیا جائے ۔ جہانگیر ترین گروپ کے اراکین نے مزید کہا کہ مزید خاموش نہیں رہیں گے ، آئندہ چوبیس گھنٹے اہم ہیں ۔ جہانگیر ترین کے گھر پنجاب کے صوبائی وزراءاور ارکان اسمبلی اکھٹے ہوئے، علیم خان بھی اجلاس میں موجود تھے۔پنجاب کے وزیر زراعت نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ، عبدالحئی دستی، لالہ طاہر رندھاوا، آصف نکئی اور خرم لغاری جہانگیر ترین کے گھر پہنچنے والوں میں شامل تھے۔سابق صوبائی وزیر علیم خان بھی جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر پہنچے تھے جبکہ اجلاس میں جہانگیر ترین لندن سے وڈیو لنک پر شریک ہوئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان نے جب جدوجہد شروع کی تو مجھ سمیت بہت سارے ساتھی عمران خان کے ساتھ تھے جن میں سب سے نمایاں جہانگیر ترین تھے، جتنا جہانگیر ترین نے خود کو وقف کیا ہم سب تحریک انصاف والے ان کے مشکور و ممنون ہیں۔

close