نواز شریف کی پاکستان واپسی، شیخ رشید نے برطانوی سفیر سے طریقہ پوچھ لیا

اسلام آباد (آئی این پی) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو کورونا کی وجہ سے ریڈ لسٹ میں ڈالنے پر شدید تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ میں بسنے والے پاکستانیوں میں اضطراب پایا جاتا ہے، ہمسایہ ملکوں میں کورونا زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے ،پاکستان سے سلوک امتیازی ہے۔بدھ کو وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے برطانیہ کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی جس دوران پاکستان برطانیہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی ۔وزیر داخلہ نے ڈیوک آف ایڈم برگ پرنس فلپ کی وفات پرافسوس کا اظہارکیا اورشاہی خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان وطن واپسی اور مجرمان کی حوالگی سے متعلق معاہدوں پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیاگیا ۔ملاقات میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ممکنہ پاکستان واپسی پر بھی بات چیت کی گئی ۔پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کو کرونا کی وجہ سے ریڈ لسٹ میں ڈالنے پربھی گفتگوکی گئی ۔مجرمان کی حوالگی اور وطن واپسی کے معاہدوں کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیاگیا ۔وزیر داخلہ اور برطانوی سفیر نے اس بات پر بھی اتفاق کیاکہ معاہدے دونوں ملکوں کے باہمی مفاد میں ہیں۔پیش رفت کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر برطانوی سفیرنے کہاکہ پاکستان کی ایف اے ٹی ایف روڑمیپ علمدرآمدگی پر کارکردگی بہت شاندارہے۔ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر برطانیہ پاکستان کی مکمل حمایت کریگا۔ وزیرداخلہ شیخ رشید احمدنے کہاکہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف روڑمیپ پر 27 میں سے 24 نکات پر مکمل عمل کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات بہت دیرینہ ہیں۔ان تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پاکستان کو کورونا کی وجہ سے ریڈ لسٹ میں ڈالنے پر ہمیں بہت تشویش ہے۔برطانیہ میں بسنے والے پاکستانیوں میں اضطراب پایا جاتا ہے۔ شیخ رشید احمدنے کہاکہ ہمسایہ ملکوں میں کورونا زیادہ تیزی سے پھیل رہا ہے ِ پاکستان سے سلوک امتیازی ہے۔ برطانوی سفیر نے وضاحت کی کہ کورونا میں پاکستان کو ریڈ لسٹ میں ڈالنے کا معاملہ یکسر امتیازی نہیں بلکہ حالات کے مطابق ہے۔پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں میں کرونا مثبت کی شرح بھی خطرناک حد تک زیادہ ہے۔ برطانوی سفیرنے مزیدکہاکہ کورونا کیسز مثبت ہونے کی شرح زیادہ ہونے کی وجہ سے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں ڈالا۔برطانوی سفیر نے وزیر داخلہ کو رمضان کی مبارکباد دی اورنیک خواہشات کا بھی اظہارکیا۔ملاقات میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر بھی موجود تھے۔۔۔۔۔

close