اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک اور بڑی خوشخبری، وزیراعظم عمران خان نے خصوصی مراعات دینے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو مزید مراعات دینے کا اعلان کردیا ، بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے نیشنل ریمٹنس لائلٹی پروگرام کا اجرا کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملکی ترسیلات زر میں اضافے سے متعلق اجلاس ہوا ، اس دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہیں ، ترسیلات زر کا ملکی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ہے ، اس لیے وطن کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو مراعات دیں گے ، جس کے لیے شرح نمو ، زرمبادلہ و دیگر معاشی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے ، ترسیلات زرکے مختلف شعبوں میں مستقبل کے اہداف مرتب کرکے حکمت عملی تشکیل دی جائے۔قبل ازیں اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو ترسیلات زر اور اوورسیز پاکستانیوں کو مراعات دینے سے متعلق بریفنگ دی گئی ، اس کے علاوہ اجلاس میں ملکی برآمدات میں اضافے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق مختلف معاہدوں پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی مد میں 10 ماہ میں اب تک 1.561ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں ، مالی سال 2018سے اب تک کورونا کے باوجود ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کا حکومت کی پالیسیوں اور وزیر اعظم کی صلاحیتیوں پر اعتماد کا مظہر ہے ، بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت کے لیے نیشنل ریمٹنس لائلٹی پروگرام کا اجرا کیا جائے گا ، پروگرام کا اجراپی آئی اے، ایف بی آر، نادرا، اسٹیٹ لائف، او پی ایف کے اشتراک سے کیا جائے گا ، پروگرام سے وابستہ بیرون ملک پاکستانیوں کو مذکورہ اداروں سے مراعات میسر آئیں گی۔

close