شیخ رشید کی آزاد کشمیر کی سیاست میں حصہ لینے کی خواہش، وزیراعظم نےکس شہر نے الیکشن لڑنے کا مشورہ دیدیا؟

راولپنڈی ( پی این آئی ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے آزاد کشمیرکی سیاست میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واحد وزیر ہوں جو کابینہ میں آٹے چینی کی قیمت بتاتا ہوں ، آٹے چینی اور دال کا ریٹ بتانے پر کابینہ میں مذاق اڑایا جاتا ہے، 15 بار وفاقی وزیربنا کبھی مالی کرپشن کا الزام نہیں لگا ، لال حویلی غریبوں اورعام افراد کی سیاست کی علامت ہے، راولپنڈی کولڑکیوں کی تعلیم کی وجہ سے ملک کے پہلے نمبر پر لائے ، وزیراعظم نے مجھے کہا کہ آپ لاہور سے الیکشن لڑیں ، آج سےآزاد کشمیرکی سیاست میں حصہ لینے کا اعلان کرتا ہوں ، کشمیر کے الیکشن بعد ملک کے سیاسی حالات مزید بہتر ہوں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے امن کے ساتھ جڑا ہے، اس لیے ہم افغانستان میں پائیدار امن چاہتے ہیں، ایران بارڈر پر 40 فیصد تک باڑ لگا چکے ہیں، افغان بارڈر پر بھی 88 فیصد تک باڑ لگا چکے ہیں ، امریکا کو اڈے نہ دینے کے حوالے سے قوم عمران خان کے ساتھ ہے، قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے کیوں کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی تقدیر بدلیں گے۔دوسری جانب آزاد کشمیر الیکشن میں جے یو آئی نے پی ٹی آئی کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس سے آل جموں کشمیر جے یو آئی کے وفد نے قاضی محمودالحسن کی سربراہی میں ملاقات کی ، جس میں جے یو آئی نے آزاد کشمیر الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی غیر مشروط حمایت اور آل جموں و کشمیر جے یو آئی کے تمام امیدواروں کو پی ٹی آئی امیدواروں کے حق میں دستبردار کرانے کا اعلان کیا۔اس موقع پر قاضی محمود الحسن نے کہا کہ تمام حلقوں میں پی ٹی آئی کو سپورٹ کریں گے، دونوں جماعتوں کے اتحاد سے ریاست میں ساز گار ماحول پیدا ہوگا جب کہ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزادکشمیر کی سیاست میں مذہبی جماعتوں کا ایک اہم کردار ہے، جموں کشمیر جمعیت علمائے اسلام کا ہر حلقے میں ووٹ بینک موجود ہے، آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں ان کے ساتھ مل کر الیکشن لڑیں گے۔

close