اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کس صورت میں ہوگی؟ عمران خان سے متعلق حماد اظہر کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین رہائی سے قبل اسٹیبلشمنٹ سے بات نہیں کرنا چاہتے۔

 

 

 

ایک بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنی رہائی سے پہلے اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات چیت نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ واپس کیا جائے، بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی کے تمام قائدین کو بھی رہا کیا جائے۔ پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اس کے بغیر بانی چیئرمین اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات نہیں کریں گے۔ حماد اظہر نے اسٹیبلشمنٹ پر اخلاقیات اور اعتماد کے فقدان کا الزام لگایا اور یہ بھی کہا کہ 9 مئی کو محض ایک بہانہ بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیند بانی پی ٹی آئی کے ہاتھ میں ہے، اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ میں صرف ڈنڈا ہے، جو اپنی افادیت کھوچکا ہے۔ دوسری طرف پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ اُن کی ذاتی رائے ہے کہ بات چیت سیاستدانوں سے ہی ہونی چاہیے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ مذاکرات کی پہل تو حکومت سے ہی ہوگی اور اسٹیبلشمنٹ حکومت کا حصہ ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے شہریار آفریدی اور رؤف حسن نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتی ہے، جو بہت جلد ہوں گے۔

close