کریکٹر سرٹیفیکیٹ کے لیے دفتر خارجہ کی تصدیق کی شرط ختم، آن لائن سہولت سے پرتگال میں مقیم پاکستانیوں میں خوشی کی لہر

لزبن ( ملک نفیس) پرتگال میں مقیم پاکستانیوں کو لزبن میں قائم پاکستانی سفارتخانے کی جانب یہ اطلاع خوشی کا پیغام بن گئی ہے کہ کریکٹر سرٹیفیکیٹ کے حصول کے لیے اب دفتر خارجہ کی تصدیق کی ضرورت نہیں ہے بلکہ حکومت پنجاب نے پولیس کے سسٹم سے آن لائن کریکٹر سرٹیفکیٹ کے لیے انتظامات کر دیئے ہیں۔

اس حوالے سے سفارتخانہ پاکستان لزبن کی جانب سے پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کے ساتھ مل کر آن لائن پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹ کے اجراء کی سروس فراہم کی گئی ہے جس کو دفتر خارجہ پاکستان سے تصدیق کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ اس اعلان سے پرتگال میں مقیم پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے،جب کہ آزادکشمیر سمیت دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی محرومی کے احساس میں مبتلا ہوئے ہیں۔پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے وزیر اعظم پاکستان ، وزیر خارجه اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دیار غیر میں ہماری پہچان پاکستان ہے اور ہمیں حکومت پاکستان کی جانب سے برابری کے حقوق ملنے چاہیے ۔ پاکستان کمیونٹی رہنماؤں ملک نفیس ،شعیب ، شہزاد قریشی ، حنان وڑائچ ، احسن گل ، علی شاہ اور دیگر نے سفارتخانہ کے اقدام کو سراہتے ہوئےمطالبہ بھی کیا ہے کہ پاکستانی پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ کا حصول اور نمونہ تمام صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لئے ایک جیسا ہونا چاہیے اس سلسلے میں سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ یہ نظام صوبوں نے خود متعارف کروانا ہے، جیسے ہی دوسرے صوبے شروع کریں گے سفارتخانہ اس حوالے سے فوری کام شروع کر دے گا۔۔۔۔

close