بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کے لیے بڑی خبر، کورونا کی دوسری لہر، سول ایوی ایشن نے مسافروں کے لیے نئی ایس او پیزجاری کردیئے، کن کن ملکوں سےپاکستان آنے والوں کو ٹیسٹ کرانا ہو گا؟

کراچی(این این آئی)سول ایوی ایشن حکام نے کورونا وائرس کیسوں میں حالیہ اضافے کے باعث بین الاقوامی مسافروں کے لیے نئی ایس او پیزجاری کردیئے ہیں جو31دسمبرتک نافذالعمل رہیں گے۔سی اے اے حکام اے کیٹیگری کی فہرست میں رکھے گئے ممالک آسٹریلیا، چین، کوٹ ڈلوائر، کیوبا، فجی، فن لینڈ، آئس لینڈ، جاپان،

قازقستان، لاس، مالاوی، مالدیپ، نمیبیا، نیوزی لینڈ، نائیجیریا، رواندا، جنوبی کوریا، سعودی عرب، سینیگال، سری لنکا اور ویتنام کے مسافروں کوآر ٹی، پی سی آر ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔حکام کے مطابق بی اور سی کیٹیگری میں رکھے گئے ممالک سے آنے والے مسافروں کو پرواز سے 96 گھنٹے قبل ہونے والے آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ جس کی رپورٹ منفی آئی ہو، فراہم کرنے کی ضرورت ہوگی، اس میں ناکامی پر ایئر لائنز کو بورڈنگ پاس جاری کرنے سے انکار کرنے کا حق ہوگا۔سی کیٹیگری کے ممالک سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے پاکستان کا سفر کرنے سے قبل ایک منفی ٹیسٹ لازمی ہے جبکہ دوسرا ٹیسٹ ان کے یہاں پہنچنے پر کیا جائے گا۔وہ مسافر جن کی عمر 12 سال سے کم ہے یا معذور ہیں یا کسی بین الاقوامی وفد کا حصہ ہیں، انہیں صرف پاکستانی ایئرپورٹ پر صحت سے متعلق فارم کو بھر کر جمع کروانا ہوگا۔ایئرکرافٹ کے آپریشنز مسافر اور عملے کے تحفظ سے متعلق اقدامات کے نفاذ سے متعلق سی اے اے کی ہدایات کی مکمل تعمیل کے تابع ہوں گے جبکہ ایئر لائنز ان ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ذمہ دارہوں گے۔مسافروں کے لیے یہ بھی لازمی کردیا گیا ہے کہ وہ اپنے موبائل فون پر پاس ٹریک کی ایپلی کیشن ڈائون لوڈ کریں اور اپنی ذاتی تفصیلات کے ساتھ ساتھ اپنے آر ٹی-پی سی آر ٹیسٹ کی تصویر بھی اس میں ڈالیں۔ گائیڈ لائنز میں واضح کیا گیا ہے، ایئر کرافٹ مینجمنٹ حفاظتی یونٹس پر مشتمل پرسنل پروٹیکٹو ایکوئپمنٹ، دستانے، چہرے کے ماسک، چشمے، این 95 ماسک اپنے ہمراہ لازمی رکھیں۔پرواز کے دوران تمام مسافروں اور عملے کے ممبران کو ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ہر مسافر کو ہینڈ سینیائٹرز فراہم کی جائیں گی اور ہر گھنٹے کے بعد طیارے کے بیت الخلا میں اسپرے کیا جائے گا۔۔۔۔۔

close