خطرناک وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، مزید ہلاکتیں رپورٹ

ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو میں ایبولا وائرس ایک اور نئے صوبے تک پھیل گیا ہے۔

صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک شخص ایبولا سے متاثر ہو کر باس-یویل صوبے میں انتقال کر گیا۔ یہ صوبہ اب تک جاری وباء سے متاثر نہیں تھا۔ ایک اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ مریض کی وہاں موجودگی اور موت کے بعد وائرس کے مزید پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

کانگو کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ برائے بایومیڈیکل ریسرچ کے سربراہ ژاں جیکس موئیمبے کے مطابق متاثرہ شخص ایک ٹیکسی ڈرائیور تھا جس نے باس-یویل صوبے کا سفر کیا تھا۔

کانگو میں ایبولا سے ہونے والی اموات کی تعداد 2,000 سے تجاوز کر چکی ہے اور وباء کے قابو میں آنے کے آثار نظر نہیں آ رہے۔ وزارت صحت نے منگل کو بتایا کہ تصدیق شدہ اموات کی تعداد 2,011 تک پہنچ گئی ہے۔ حکام نے اسے ریکارڈ پر سب سے تیزی سے پھیلنے والی ایبولا وباء قرار دیا ہے اور خبردار کیا کہ یہ تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔

کانگو کے پبلک ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پانچ صوبوں میں اب تک 4,381 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔